نئی دہلی:22/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں حکمراں بی جے پی کے خلاف جتنا بڑا اتحاد بنے گا اتنا ہی کانگریس کے لئے اچھا رہے گا۔ کانگریس کی نو تشکیل شدہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں بطور وزیر اعلی شرکت کرنے کے لیے پہنچے سنگھ نے یہ بھی کہا کہ اب ملک میں لوگ پھر کانگریس میں اعتماد کا اظہار کررہے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی سے اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کہیں بھی اتحاد ہو اس کے تحت فیصلہ قومی قیادت کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اس کو تسلیم کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ براہ مہربانی آپ لوگ (صحافی) یہ مت کہیے اور لکھئے کہ میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لئے تیار ہوں۔ اتحاد سے متعلق پی چدمبرم کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ملک میں جتنا بڑا اتحادہوگا اتنا ہی ہمارے لئے اچھا ہو گا۔انہوں نے پنجاب میں لوک سبھا اور اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی جیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہم نے ضمنی انتخابات میں جو کامیابی حاصل کی ہے اس سے پتہ لگتا ہے کہ لوگوں کو ہماری پالیسیاں پسند آئی ہیں۔